پٹنہ (نیوز ڈیسک) معروف بھارتی سیاستدان اور بہار کے سابق وزیراعلیٰ راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرشاد یادیو کو ان کے درجنوں حامیوں سمیت پٹنہ میں گرفتار کرکے بہار ملٹری پولیس کی کیمپ جیل میں منتقل کر دیا گیا۔ ’’لالو جی‘‘ آج کل نریندر مودی اور ان کی مہاسبھائی حکومت کیخلاف خم ٹھونک کر میدان میں نکلے ہیں۔ مودی حکومت کی پالیسیوں کیخلاف انہوں نے پیر کو بہار بھر میں مکمل شٹرڈاؤن کی کال دی تھی جس پر بہار گذشتہ روز مکمل جام نظر آیا۔ روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ ٹانگہ میں سوار لالو پرشاد اپنے سینکڑوں پارٹی ورکرز کے ساتھ اپنی رہائش گاہ سے نکلے اور ڈاک بنگلہ کراسنگ پہنچ کر ٹریفک اور مارکیٹیں بند کرا دیں۔ پولیس نے ان کے خلاف مختلف واقعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واضح رہے لالو پرشاد نے انتہاپسند ہندو وزیراعظم نریندر مودی کو ’’کالا ناگ‘‘ قرار دیا تھا جو ملک کی یکجہتی کو ڈس رہا ہے۔ لالو نے کہا تھا کہ ہم اس کالے ناگ کو کچل کر رکھ دیں گے۔
بہار میں ’’کالے ناگ‘‘ مودی کیخلاف مکمل ہڑتال، لالو پرشاد درجنوں حامیوں سمیت گرفتار
Jul 28, 2015