لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور میں پرچون سطح پر دکانداروں نے چینی مہنگی کر دی۔ سرکاری طور پر ایک کلو چینی کی قیمت 70روپے مقرر کی گئی ہے لیکن دکاندار صارفین کو ایک کلو چینی 75روپے تک فروخت کر رہے ہیں اس ضمن میں مقامی تھوک مارکیٹ کے تاجروں نے بتایا ہے کہ ایک کلو چینی کی ایکس مل قیمت 67.5 روپے، تھوک نرخ 68.5روپے ہے۔ ان قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور پرچون سطح پر دکاندار چینی کی مصنوعی قلت ظاہر کر کے بلیک مارکیٹنگ کررہے ہیں۔ حکومت چینی کی مقررہ قیمت پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدام کرے۔ دریں اثناء یوٹیلٹی سٹورز پر گزشتہ کئی روز سے چینی کی سپلائی بند ہے۔ جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس وقت یوٹیلٹی سٹورز پر ایک کلو چینی کی قیمت 65روپے ہے۔ صارفین کے حکومت سے اپیل کی ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی سپلائی بحال کی جائے۔ سفید چنا کی سٹوروں پر کم قیمت اور ملکی مارکیٹ میں زیادہ قیمت کی وجہ سے بھی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے مزید سفید چنا مہنگے داموں خریدنے سے انکار کر دیا ہے۔ ماہ رمضان میں ختم ہونے والے سفید چنے کی خریداری کیلئے بھی کارپوریشن نے دوبارہ ٹینڈر جاری نہیں کئے ہیں جس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ اوپن مارکیٹ میں سفید چنا کا ریٹ مہنگا ہے اور سٹوروں پر سستے ریٹس کی وجہ سے عوام کی بجائے زیادہ تر دکاندار سفید چنا خرید کر اپنی دکانوں میں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔