کراچی (ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے بارے میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مجھ سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اچھا کام ہو تو رینجرز کرتی ہے اور اگر برا کام ہو تو وہ پولیس کرتی ہے۔ برا کام پولیس اور اچھا کام رینجرز کرتی ہے۔ اندرون سندھ جیسا امن پورے ملک میں نہیں ہے۔ وزیر اعلی سندھ کی تبدیلی سیاسی معاملہ ہے۔ سیاست میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔ عمران خان بھی تبدیلی کی باتیں کرتے ہیں ۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن سے ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت میں سید خورشید شاہ نے کہا کہ دکھ کے وقت میں ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے۔ کراچی کا میئر وسیم اختر کو ہی ہونا چاہئے۔ پولیس کو 9 سال بعد انہیں گرفتار کرنے کا خیال کیوں آیا۔ ایم کیو ایم ایک پارٹی ہے اور ان کی ایک اپنی پالیسی ہے۔ جو کام 100 سال میں نہیں ہوتا وہ ایک دن میں ہوجاتا ہے۔ انڈونیشیا میں پاکستانی شہری کی پھانسی کے معاملے پر خورشید شاہ نے کہا کہ یہ معاملہ وزارت خارجہ سے تعلق رکھتا ہے مگر ملک میں وزیر خارجہ ہے ہی نہیں۔ وزیر اعظم پہلے ہی بیمار ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سندھ میں وزیرا علیٰ کے انتخاب کے لیے اپنی پالیسی کا اعلان آج کریں گے۔ نامزد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں تعلیم حاصل کی ہے، انہیں یہاں کے مسائل کا علم ہے ۔ پیپلزپارٹی چہرے تبدیل کرنے کے ساتھ اب اپنا طرز حکمرانی بھی تبدیل کرے۔ بعد ازاں تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے بھی ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں پی ٹی آئی نے خرم شیر زمان کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ اپنے امیدوار کی حمایت کے لیے ایم کیو ایم سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے ۔ کراچی میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ رینجرز کو فوری اختیارات دیئے جائیں ۔ نئے وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے پر جو بھی منتخب ہو اس کو کراچی اور صوبے کے مسائل کے حل کے لیے بلاامتیاز عوام کی خدمت کرنی چاہیے۔بلاول کے اعزاز میں عشائیہ کے بعد خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے شاہ صاحب تھے تو میڈیا پریشان تھا اب نئے شاہ وزیراعلیٰ بن رہے ہیں تو بھی میڈیا پریشان ہے پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ہمارا وزیراعلیٰ عوام کی خدمت کرے گا۔
پانامہ لیکس: سپیکر قومی اسمبلی نے رابطہ کیا ہے: خورشید شاہ
Jul 28, 2016