کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں حکمراں مسلم لیگ ن اور ان کے وزیروں کی جانب سے ’’ قبل از انتخابات دھاندلی‘‘ کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس متنازعہ جیت کا مطلب پاکستان پیپلزپارٹی کی شفاف جمہوریت کے لیے جاری کاوشوں کو دگنا کرنا ہے جس کا آغاز پاناما لیکس پر احتساب سے ہوتا ہے، اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت نے کشمیر کونسل کے فنڈز استعمال کرتے ہوئے پارٹی عہدیداروں کے ہاتھوں ٹرانفارمر بانٹنے سمیت تمام غیر آئینی اور غیر قانونی طریقے استعمال کرکے کشمیری عوام کا مینڈیٹ چرایا، اتنے بڑے پیمانے پر دھاندلی اور ہیرا پھیری کے باوجود پیپلزپارٹی نے قوم کے وسیع ترمفاد اور جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کے لیے انتخابی نتائج قبول کیے، انہوں نے ایک بار پھر یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا یہ عزم ہے کہ وہ انتخابی نتائج کو ایک طرف رکھ کر ہر فورم پر کشمیر کے لیے جدوجہد کرے گی، کیونکہ کشمیر پاکستان اور پیپلزپارٹی کے دلوں میں موجود ہے۔ نواز حکومت کے جہاں بس چلے عوامی مینڈیٹ کو چرانے کے لیے طریقے متعارف کرانے اور انتخابی نظام کی توسط سے جمہوریت کو کمزور کرنے کی کاوشوں کے خلاف پیپلزپارٹی مزاحمت کرے گی۔ شفاف جمہوریت کو تب ہی یقینی بنایا جا سکتا ہے جب پاناما لیکس کی آزاد انکوائری کرائی جائے گی، کیونکہ جو ممالک اس اسکینڈل میں شامل تھے وہاں انکوائریز شروع ہو چکی ہیں یہاں تک کہ وزرائے اعظم اور وزراء مستعفی بھی ہوئے لیکن یہاں پاکستان میں نواز لیگ حکومت پانامالیکس پر خاموشی کرانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی آف شور کمپنیز پر انکوائری سے گریز کر رہی ہے۔