چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، توانائی کے شعبے میں تعاون فراموش نہیں کر سکتے: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ)چین کے صوبے شین ڈونگ(Shangdong) کے شہر جنان (Jinan)میںگزشتہ روز ’’پنجاب شین ڈونگ بزنس کانفرنس‘‘ کا انعقادکیاگیا۔ ’’پنجاب شین ڈونگ بزنس کانفرنس‘‘ کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور شین ڈونگ صوبے کے نائب گورنر جی ژاہ زنگ کی(Mr.Ji Xiang Qi) نے مشترکہ طورپر کی۔ چین کے سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور بزنس مینوں کی بڑی تعداد نے بزنس کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں چین کی صف اول کی سرکاری کمپنیوں کے سربراہان، کیمونسٹ پارٹی کے وزرائ، اعلیٰ عہدیداران اور نجی شعبہ کے سرمایہ کار بھی شریک ہوئے۔ پاکستان کے ممتاز سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور بزنس مینوں نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ ’’پنجاب شین ڈونگ بزنس کانفرنس‘‘ سے شین ڈونگ صوبے کے نائب گورنر جی ژاہ زنگ کی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور ان کے وفد کاچین کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیر مقدم کرتا ہوں ۔شین ڈونگ اور پنجاب ملکر ترقیاتی تعاون میں نئے باب رقم کریںگے۔ ہم پنجاب کیساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاک چائنہ تعلقات کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھایا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے سرمایہ کار اور صنعتکار آج تاریخ کے اہم موڑ پراکٹھے ہوئے ہیں جب چین کے46 ارب ڈالر کے عظیم سرمایہ کاری پیکیج پر ایک برس کے عرصے میں عظیم الشان کام ہو چکا ہے اور اس تاریخ ساز پیکیج کے تحت لگائے جانیوالے منصوبے کسی ایک خطے تک محدود نہیں بلکہ پاکستان کے طول و عرض پر پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں روزانہ ہزاروں معاہدے ہوتے ہیں لیکن ان پر عملدرآمد کتنوں پر ہوتا ہے، یہ سوالیہ نشان ہے لیکن چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت ہونے والے معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور آفت، چین ہمیشہ پاکستان کیساتھ کھڑا رہا ہے۔ پاک چین دوستی کی کہانی دو محبت کرنے والوں کی کہانی ہے اور اس محبت میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کانفرنس کے دوران پاکستان خصوصاً پنجاب میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے اعلی حکام کو سٹیج پر آ کر اپنے تجربات شیئر کرنے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ نے کانفرنس کے دوران پنجاب میں کام کرنیوالے چینی سرمایہ کاروں کے تجربات کو انتہائی حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہترین کام کرنیوالی چینی کمپنی کے سربراہ کو وفاقی حکومت سے تمغہ کارکردگی دینے کی سفارش کروں گا۔ پاکستان کیممتازصنعتکار و بزنس مین میاں محمد منشاء نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں چین کے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کیلئے بہترین حالات ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چین کے شہر جنان میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنیوالی چینی کمپنیوں کے کنسورشیم کے چیف ایگزیکٹوز سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے چین کا بے پایاں تعاون کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ وزیراعلیٰ نے ہیواننگ ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جنان میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ شین ڈونگ صوبے کے سیکرٹری جیانگ یاکینگ (Mr.Jiang Yikang) سے ملاقات کی۔کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ شین ڈونگ صوبے کے سیکرٹری نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین میںپاک چائنہ دوستی کو ٹھوس اقتصادی تعاون میں بدلنے پر تیزی سے کام ہورہا ہے اور کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ اس ضمن میں اہم کردارادا کررہی ہے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کا دورہ چین دونوں ملکوں کے مابین دوستی کے استحکام اورسی پیک کے منصوبوں پر بروقت عملدرآمد میں اہم کردارادا کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ سی پیک نے پاک چین دوستی کے سفر کو تیزترکردیا ہے۔ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے سیکرٹری نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ اس موقع پر پنجاب اور شین ڈونگ صوبے کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہیپاٹائٹس کے امراض سے بچاؤ سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہپاٹائٹس ایک موذی مرض ہے احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...