ریاض (آئی این پی) سعودی عرب کے وزیر برائے قانون وانصاف نے نکاح خواں حضرات کے لیے ایک نیا حکم جاری کیا جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ نکاح کی رجسٹریشن کے وقت متعلقہ خاتون کا زبانی ایجاب وقبول یقینی بنائیں، جب تک خاتون اپنی زبان سے ایجاب وقبول نہ کرے اس وقت تک نکاح کا اندراج نہ کیا جائے۔ سعودی اخبارکے مطابق وزیر انصاف الشیخ ڈاکٹر ولید بن محمد الصمعانی نے نکاح کی رجسٹریشن کے مراکز، نکاح خواں حضرات اور فیملی کورٹس کو ہدایت کی کہ وہ نکاح کی رجسٹریشن کے دوران خواتین کے شرعی حقوق کو یقینی بنائیں۔ نکاح خواں خود خاتون سے اس کی زبانی ایجاب وقبول سنے تاکہ اس کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔ انہوں نے نکاح خواں حضرات پرزور دیا کہ وہ نکاح کی رجسٹریشن سے قبل خاتون کا لفظی اقرار لازمی سنیں۔