پی آئی اے پروازوں سے ہیروئن برآمدگی کیس، ذمہ داروں کا تعین نہ کرنے پر قائمہ کمیٹی برہم

اسلام آباد (این این آئی+ آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ نے اے این ایف اور کسٹم حکام پر پی آئی اے پروزاوں سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمدگی کیس میں ذمہ داروں کا تعین نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین ایف بی آر کو دعوت دی جائیگی۔ قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس رانا محمد حیات خان کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے نئے اسلام آباد ائیر پورٹ کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سول ایو ی ایشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے ائیر پورٹ کو جولائی 2017تک فعال کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔ کمیٹی نے نیشنل ائیر ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ بل 2014پر غور کیا اور سول ایوی ایشن کے ہدیت دی کہ وہ اس حوالے سے ایک بل لانے والے ممبر سے ملاقات کریں اور اتفاق رائے کے بعد رپورٹ 30 دن کے اندر کمیٹی کو پیش کی جائے۔ پمز ہسپتال میں خرابیوں کی نشاندہی اور ذمہ داران کے تعین سمیت وفاقی محتسب کی جانب سے ہسپتال کی بہتری کیلئے دی جانے والی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے نفیسہ خٹک کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن