لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) فرسٹ سیکرٹری آسٹریلوی ہائی کمشن نیکول گیوہوٹ نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کے دورہ کے موقع پر کیا۔ سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپیئن شہباز سینئر اور سیکرٹری پی ایچ ایف ویمن ونگ تنزیلہ عامر چیمہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نیکول گیوہوٹ نے ویمن ہاکی ٹیموں کے درمیان میچ کو بھی دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی آسٹریلیا نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان ہاکی کو دوبارہ عروج پر لانے میں ہر ممکن تعاون کرئے گی جبکہ اس کے علاوہ کوچنگ اور امپائرنگ کے شعبہ میں بھی پاکستان ہاکی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر اور سیکرٹری پی ایچ ایف ویمن ونگ تنزیلہ عامر چیمہ نے فرسٹ سیکرٹری آسٹریلوی ہائی کمشن کا اسلام آباد سے لاہور کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں سونیئر پیش کیے۔ شہبار احمد سینئر نے 1994ء کے ورلڈ کپ جو سڈنی میں کھیلا گیا تھا کی یادوں کو فرسٹ سیکرٹری کے ساتھ شیئر کیا۔