لاہور (نمائندہ سپورٹس+نمائندہ سپورٹس)قومی کرکٹرز نے مشہورزمانہ فٹبال کلب مانچسٹریونائیٹڈ کے ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا۔ پاکستان ٹیم دوروزہ پریکٹس میچ کیلئے آج ووسٹرروانہ ہوگی۔انگلینڈ کیخلاف اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد زیادہ ترقومی کرکٹرزگزشتہ روزاپنے اہل خانہ اوردوستوں کیساتھ سیروتفریح میں مصروف رہے جبکہ کچھ کھلاڑیوںنے انفرادی ٹریننگ کی۔، قومی ٹیم کل سے ووسٹرشائرکیخلاف 2روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 3 اگست سے ایجبیسٹن برمنگھم میں شروع ہوگا، 4میچزکی سیریزایک ایک سے برابرہے۔اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ ہوگیاہے۔نئی ٹیم کی آزمائش ووسٹرشائرکے خلاف میچ میں کی جائے گی۔ کوچ اور منیجر نے فائنل الیون میں تبدیلیاں ناگزیر قرار دے دیں۔ مصباح الحق نے بڑی تبدیلیوں سے انکارکردیا۔ یونس خان کو کھلانے کیلئے کپتان ڈٹ گئے۔مسلسل دو میچوں میں اوپننگ جوڑی کی ناکامی کے بعد ٹیم میں شان مسعود کی جگہ سمیع اسلم کو ملنے کا امکان ہے۔کل سے شروع ہونے والے میچ میں نئی اوپننگ جوڑی کو آزمانے کافیصلہ ہوگیا ہے۔فاسٹ بائولرعمران خان اور سہیل خان بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انگلش ٹیم کے خلاف ون ڈے میچز میں شرکت کیلئے بورڈ کی جانب سے ابتدائی سکواڈ تیار کرلیا گیا ہے۔قومی ٹیم میں پرفارم کرنے والے بابر اعظم ‘حسن علی ‘جاہد علی اور محمد نواز کو فہرست میںشامل کرلیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق صہیب مقصود، جنید خان، شعیب ملک، عمر گل، محمد عرفان کو ٹیم کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ احسان عادل، انور علی، امام الحق، بابر اعظم، عماد وسیم، شرجیل خان اور حسن علی بھی ابتدائی فہرست میں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی سکواڈ کا تربیتی کیمپ یکم اگست سے لاہور میں لگے گا، حتمی سکواڈ کا اعلان چوتھے ٹیسٹ سے قبل ہوگا۔ ون ڈے سیریز کا آغاز چوبیس اگست سے ہوگا۔ چیف سلیکٹر کے بھتیجے امام الحق کو سرپرائز انٹری مل گئی۔ امام الحق نے دورہ افغانستان میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیاتھا۔انہیں ابتدائی تربیتی کیمپس میں نہیں بلایا گیا تھا۔