پاکستان اپنے زیرکنٹرول علاقوں سے بھارت مخالف سرگرمیاں بند کرے: وی کے سنگھ کی بڑھک

نئی دہلی (آئی این پی) بھارت نے ایک بار پھر پاکستان پر سرحد پار دہشتگردی کی کارروائیوں کا الزام عائد کرتے بڑھک لگائی ہے کہ پاکستان اپنے زیر کنٹرول علاقوں سے دہشتگردی کی کارروائیوں اور بھارت مخالف سرگرمیوں کو بند کرے، دوطرفہ تعلقات پر دہشتگردی کے اثرات سے انکار نہیں کیا جاسکتا ،ممبئی حملوں اور پٹھانکوٹ حملے میں ملوث عناصر کو تیزی سے انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، ملک کی قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ بھارتی میڈیاکے مطابق حکومت نے پارلیمنٹ کو بتایا پاکستان کے زیر اثر علاقوں سے ہونے والی دہشتگردی پر بھارت کو بنیادی تشویش ہے ،پٹھانکوٹ حملے اورکشمیر میں ہونے والے متعدد حملے سرحد پار دہشتگردی اور دراندازی کے مسلسل خطرے کو ظاہر کرتے ہیں۔بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی کے سنگھ نے لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان سے کہا ہے کہ وہ اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں دہشتگردی کی کارروائیاں اور بھارت مخالف سرگرمیوں کو بند کرے۔ پاکستان کو بتا دیا ہے کہ دوطرفہ تعلقات پر دہشتگردی کے اثرات سے انکار نہیں کیا جاسکتا ،ممبئی حملوں اور پٹھانکوٹ حملے میں ملوث عناصر کو تیزی سے انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔حکومت ملک کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کیلئے مسلسل چوکس ہے اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کیلئے پرعزم ہیں۔وی کے سنگھ نے الزام لگایا کہ پاکستان نے جموں وکشمیر میں بھارتی علاقے میں قریباً 78ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے پر غیر قانونی اور جبری قبضہ کررکھا ہے۔چین نے بھی جموں وکشمیر میں 38ہزار مربع کلومیٹر علاقے پر غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے۔

ای پیپر دی نیشن