لندن (آئی این پی)لندن کا اوول کرکٹ گراﺅنڈ 100ویں ٹیسٹ کی میزبانی کرنے والا گراﺅنڈ بن گیا۔ اوول میں انگلینڈ اورجنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ شروع ہو گیاہے جس کے بعد اوول 100یا زائد ٹیسٹ منعقد کرنے والا دنیا کا چوتھا گراﺅنڈ بن گیا ہے۔لندن کے کنگسٹن اوول کرکٹ گراﺅنڈ پر میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 4 میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ شروع ہو چکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اوول کا میدان 100 ٹیسٹ میچز کی میزبانی کرنے والا دنیا کا چوتھا وینیو بن گیا ہے۔ اوول کے میدان میں پہلا ٹیسٹ 1880 میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔دنیا کے تین وینیوز کو 100 یا زائد ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے۔ سب سے زیادہ 134 ٹیسٹ ہوم آف کرکٹ لارڈز کے میدان میں کھیلے گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گرانڈ نے 109 ٹیسٹ میچز کی میزبانی کی ہے۔ جبکہ آسٹریلیا ہی کے سڈنی کرکٹ گرانڈ میں 105 ٹیسٹ کھیلے جاچکے ہیں۔اس فہرست میں شامل ہونے والا اگلا گرانڈ مانچسٹر کا اولڈ ٹریفرڈ ہوگا جو اب تک 77 ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرچکا ہے۔ آسٹریلیا کے ایڈیلیڈ اور انگلینڈ کے لیڈز میدان میں 75،75 ٹیسٹ کا انعقاد ہوا ہے۔