لاہور/ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ صباح نیوز) اقامہ رکھنے، غیرملکی کمپنی میں ملازمت کرنے اور کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے کے الزامات کے تحت وفاقی وزراءخواجہ آصف، احسن اقبالاور اسحاق ڈار کی نااہلی کے لئے سپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس بھجوا دیا گیا۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزراءخواجہ آصف، احسن اقبال اور اسحاق ڈارنے عرب ممالک کا اقامہ رکھا۔ غیر ملکی کمپنی میں ملازمت اختیار کی اور قوم سے حقائق چھپائے۔ تینوں وفاقی وزراء نے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی اور دوہرے عہدے رکھے جو کہ عوامی نمائندگی ایکٹ کے سیکشن ننانوے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ تینوں وفاقی وزراءآئین کے آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے لہٰذا سپیکر قومی اسمبلی ان کے خلاف نااہلی کے ریفرنس الیکشن کمشن کو بھجوائے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کی نااہلی کےلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی، عثمان ڈار، فواد چوہدری مشاورتی اجلاس میں شریک ہوئے۔ خواجہ آصف کے خلاف الیکشن کمشن میں بھی کیس دائر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ عمران خان نے اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈارنے بتایا کہ خواجہ آصف کےخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کرنے جا رہے ہیں۔