دبئی(اے این این ) سابق صدر پرویز مشرف نے دعویٰ کیاہے کہ 2001 میں بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے پیش نظر انہوں نے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال پر غور کیا تھا۔ ایک جاپانی اخبار ”مائینیچی جاپان“ کو دیئے گئے انٹرویو میں پرویز مشرف نے کہا کہ 2001 ءمیں بھارتی پارلیمنٹ پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی تھی اور ایک موقع پر انہوں نے جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر غور شروع کردیا تھا تاہم اس کے نتائج کا سوچ کر انہوں نے اس خیال کو رد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حالات اس قدر کشیدہ تھے کہ اس بات کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا کہ کہیں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے تحمل کی حد عبور نہ ہوجائے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی راتیں جاگ کر گزاریں اور رات بھر یہ سوچتے رہتے تھے اور خود سے یہ سوال پوچھتے تھے کہ آیا انہیں جوہری ہتھیاروں کو استعمال کرنا چاہیے یا نہیں۔ انہوںنے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ 2002-2001 میں پاکستان اور بھارت دونوں کے پاس ہی ایسے میزائل موجود نہیں تھے جن میں جوہری مواد موجود ہو لہذا اگر ایسا کوئی فیصلہ ہوتا تو میزائل تیار کرنے میں ایک سے دو روز لگتے۔ پرویز مشرف سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے میزائلوں کو جوہری مواد سے لیس کرنے اور انہیں لانچ کے لیے تیار رکھنے کی ہدایات جاری کی تھیں تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسے احکامات نہیں دیئے تھے اور وہ سمجھتے ہیں کہ بھارت نے بھی ایسا کوئی حکم نہیں دیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جوہری حملے کے نتائج کے خیال نے دونوں ملکوں کو اس کے استعمال سے باز رکھا اور دونوں ملکوں نے جنگ سے گریز کیا جس کے بعد کشیدگی کم ہوگئی۔