کراچی(سٹاف رپورٹر) پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ پاکستان آذربائیجان سے دس سپر مشّاق طیاروں کی فروخت کا معاہدہ طے کر لیا ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق آذربائیجان میںطے پانے والے اس تاریخی معاہدے کے موقع پر پاکستان کی نمائندگی ائیر مارشل ارشد ملک ، چیئر مین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ اور آذربائیجان کی نمائندگی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل رمیز طائر اوف نے کی۔ اس معاہدے کے تحت پاک فضائیہ آذر بائیجان کے ہوابازوں اور تکنیکی عملے کی تربیت بھی کرے گی۔ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون مزید مستحکم ہوگا۔ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میںتیار ہونے والا سپر مشّاق طیارہ جدید آلات اور صلاحیتوں سے لیس ہونے کی بدولت دنیا کے بہترین ملٹری تربیتی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ حال ہی میں پاکستان نے ترکی ، نائیجریا اور قطر کو یہ طیارے برآمد کرنے کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ یہ طیارہ اس وقت بہت سے ممالک بشمول سعودی عرب، عمان ، ایران اورجنوبی افریقہ میں استعمال کیا جا رہا ہے۔