سرینگر(اے این این) بھارتی فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل دیوراج انبو نے کہا کہ کرگل جنگ جیسی صورتحال کی دوبارہ اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوجی جوان کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔جنرل انبو نے گزشتہ روز کرگل میں کرگل جنگ میں مارے گئے فوجیوںکی یاد منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لداخ میں مغربی سرحدوں پر حقیقی کنٹرول لائن پر مسئلے کو حل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ شمالی کمان کے سربراہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول بشمول کرگل اور دراس سیکٹروں میں تعینات سکیورٹی فورسز کسی بھی طرح کی دراندازی کو ناکام بنانے کے لئے ہائی الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے فوجی جوان کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ کرگل جیسی صورتحال کی دوبارہ اجازت نہیں دی جائے گی۔ لیفٹیننٹ جنرل انبو نے وادی کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیاں مشترکہ طور پر انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا قریبی تال میل کی بدولت ہی فورسز نے وادی میں گذشتہ تین مہینوں کے دوران متعدد کمانڈروں سمیت 36 جنگجوئوں کو ہلاک کیا۔