دوبارہ گنتی شہبازشریف نے آر او کے فیصلہ کیخلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دیدی

کراچی+ لاہور+ فیصل آباد+ جھنگ+ ٹوبہ ٹیک سنگھ+ سیالکوٹ+ ملتان+ وہاڑی+ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں+ نامہ نگاران) میاں شہبازشریف نے آر او کے فیصلہ کے خلاف الیکشن کمشن میں درخواست دے دی۔ دوبارہ گنتی کی درخواست دینے والوں میں میاں شہبازشریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، علیم خان، خواجہ سعد رفیق، مخدوم فیصل صالح حیات، عابد شیر علی، عثمان ڈار، علی موسیٰ گیلانی، عبدالقادر گیلانی، اشرف جبار، تہمینہ دولتانہ، غلام مرتضیٰ جتوئی، نجم الدین، بلال اکبر بھٹی، محمد علی، طاہر حسین، ڈاکٹر صاحب زمان، ملک عدنان، راجہ اشفاق سرور، ذوالفقار شاہ، عاطف خان، چودھری خالد غنی، قمر حیات کاٹھیہ، طفیل جٹ، چودھری اشفاق اور رضا افضل شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمشن کو درخواست دے دی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ آر او کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں۔ شہباز شریف نے این اے 249 سے 600 ووٹوں کے فرق پر دوبارہ گنتی درخواست دے دی۔ این اے 249 سے تحریک انصاف کے فیصل واڈا کامیاب ہوئے ہیں۔ تاہم شہباز شریف کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ ریٹرننگ افسر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی طرف سے بروقت درخواست جمع نہیں کرائی گئی۔ خواجہ سعد رفیق نے این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کردیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز خواجہ سعد رفیق نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان پر 131 کا الیکشن 50 کروڑ میں خریدنے اور ووٹوں کی خرید و فروخت کا الزام عائد کیا تھا۔ تحریک انصاف کے رہنماﺅں علیم خان، ذوالفقار شاہ اور عاطف خان نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دے دی۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کئی امیدواروں نے مدمقابل امیدواروں کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کےلئے درخواستیں جمع کر ادیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی حلقہ این اے 131اور عبدالعلیم خان نے حلقہ این اے 129سے سردار ایاز صادق کی کامیابی کو چیلنج کیا۔ تحریک انصاف کے حلقہ این اے 27سے ناکام رہنے والے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے بھی (ن) لیگ کے کامیاب امیدوار علی پرویز ملک کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست جمع کرا دی ہے۔ پی پی 158سے ناکام رہنے والے امیدوار مسلم لیگ (ن) کے رانا احسن شرافت نے بھی دوبارہ گنتی کے لئے درخواست جمع کر ادی ہے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق این اے 114سے پیپلز پارٹی کے امیدوار مخدوم سید فیصل صالح حیات کی جانب سے ووٹو ں کی دوبارہ گنتی کے درخواست این اے 114کے ریٹرننگ افسر اعجاز کو جمع کروا دی گئی ریٹرننگ افسر نے قبول کر لی گنتی آج دس بجے دن ہوگی۔ شور کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق حلقہ پی پی 129 سے کامیاب پی ٹی آئی کے ایم پی اے میاں آصف کاٹھیا کی کامیابی کے خلاف آزاد امیدواروں چودھری خالد غنی میاں مادھول لال حسین میاں قمر حیات کاٹھیا نے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست جمع کرا دیں دوبارہ گنتی 28 جوائی بروز ہفتہ کو ہو گی۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق حلقہ این اے 149ساہیوال III سے مسلم لیگ(ن) کے ہارنے والے امیدوار چوہدری طفیل جٹ نے دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دائر کردی جسے منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسرنے تیس جولائی کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق این اے 112سے ناکام ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری اشفاق نے درخواست دی ہے دوبارہ تمام ووٹوں کی گنتی کی جائے ،جس پر آج 28جولائی ہفتہ کو دونوں امیدواروں کے وکلاءبحث کریں گے۔ این اے 157 اور 154 میں دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کر لی گئی۔ درخواست ہارنے والے علی موسیٰ گیلانی اور عبدالقادر گیلانی نے دی۔ تحریک انصاف کے اشرف جبار نے این اے 253 سے دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے۔ این اے 212 سے پی ڈی اے امیدوار غلام مرتضیٰ بھٹو، این اے 5 دیربالا کی پی پی کے امیدوار انجم الدین، ایم ایم اے کے امیدوارمحمدعلی نے 7 پی کے 10 دیربالا سے دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی۔ لودھراں میں پی ٹی آئی کے امیدوار طاہر حسین نے دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی۔ این اے 108 فیصل آباد میں بھی عابد شیر کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ووٹوں کی گنتی آج صبح 8 بجے شروع ہو گئی۔ پی کے 89 بنوں سے ناکام آزاد امیدوار ڈاکٹر صاحب زمان، پی کے 90 بنوں سے پی ٹی آئی کے ناکام امیدوار ملک عدنان کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کر لی گئی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے این اے 57، پی پی 6 سے ن لیگ کے امیدوار راجہ اشفاق سرور نے بھی دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی۔ این اے 110 فیصل آباد سے لیگی امیدوار رانا افضل کی دوبارہ گنتی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ صدر گوگیرہ سے نامہ نگار کے مطابق ریٹرننگ آفیسر اوکاڑہ نے درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے 18پولنگ سٹیشنوں کی گنتی کیلئے حکم جاری کرتے ہوئے پی پی 190 کے تمام امیدواروں کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں جس پر دوبارہ گنتی ہو گی۔وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 232 لیگی رہنما بلال اکبر بھٹی نے مسترد شدہ ووٹ اور ری کاﺅنٹنگ کے لیے درخواست دے دی۔ مسلم لیگ(ن) کی مرکزی رہنما امیدوار این اے 164تہمینہ دولتانہ نے بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دے دی، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے مسترد کر تے ہوئے موقف اپنایا کہ بیلٹ پیپرز کھولنا میرے دائرہ اختیار میں نہیں ہے البتہ صرف فارم 45-47دکھا سکتا ہوں یا مسترد شدہ ووٹوں کی تصدیق کرا سکتا ہوں۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق ریٹرننگ آفیسر این اے 73 زاہد غزنوی نے مسترد ہونے والے ووٹوں کی پڑتال کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کیلئے (آج) 27جولائی کو صبح نو بجے کا وقت مقرر کیا ہے۔ تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار نے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دی تھی کہ تمام 381 پولنگ سٹیشنوں پر گنتی رات 12 تک مکمل ہو گئی تھی۔ میرے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 اور 46 نہیں دیئے گئے۔ پریذائیڈنگ آفیسرز اور پولنگ عملہ نے حتمی نتائج دانستہ طور پر روکے رکھے اور دوسرے دن 26جولائی شام چار بجے تک جمع کروائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسترد ہونے والے 7386 ووٹوں کو دوبارہ چیک کیا جائے جس پر عدالت نے جمعہ کے روز صبح گیارہ بجے کا وقت مقرر کیا تھا جس پر پی ٹی آئی کے عثمان ڈار اپنے وکلاءکے ہمراہ پیش ہوئے تھے لیکن خواجہ آصف اور ان کا کوئی وکیل پیش نہیں ہوا تو عدالت نے ساڑھے بارہ بجے کا ٹائم مقرر کیا لیکن خواجہ آصف اور نہ ہی ان کا کوئی نمائندہ عدالت میں پیش ہوا۔ بعدازاں عدالت نے اڑھائی بجے کا ٹائم دیا تو خواجہ آصف ریٹرننگ آفیسر کی عدالت میں پیش ہو گئے۔ دونوں پارٹیوں کو سننے کے بعد ریٹرننگ آفیسر کے (آج) 28 جولائی کو صبح 9 بجے دونوں پارٹیوں کو طلب کیا ہے۔ ملتان سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی این اے 158 کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی گئی۔ پی پی رہنما نے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے کے بعد اب اپنی درخواست سیکرٹری الیکشن کمشن کو بھجوا دی ہے۔ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ریٹرننگ آفیسر حلقہ این اے 118شیخ جاوید اقبال نے پی ٹی آئی کے جیتنے والے امیدوار بریگیڈئر(ر) اعجاز احمد شاہ کے خلاف دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کردی گئی۔ حلقہ این اے 117سے آزاد امیدوار چوہدری طارق محمود باجوہ اور پی ٹی آئی کے چوہدری بلال احمد ورک نے ریٹرننگ آفیسر حلقہ این اے 117حامد حسین کو درخواستیں جمع کرادیں۔ درخواستوں میںالیکشن فارم 45اور عملہ کے کوائف کی نقول اور حلقہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ شامل ہے درخواستوں کا فیصلہ آج مورخہ 28جولائی بروز ہفتہ کو سنائے جانے کا امکان ہے۔

رزلٹ چیلنج

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...