لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش چھتیں، تودا گرنے سے 9افراد جاں بحق،22زخمی

لاہور، اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ ایجنسیاں+ نامہ نگاران) لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث شیخوپورہ، بہاولپور اور شجاع آباد میں چھتیں گرنے سے تین بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے جبکہ گجرات میں تودا گرنے سے دو نوجوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ شیخوپورہ میں دو مختلف مقامات پوطوفانی بارش کے باعث دو مکانات کی چھتیں گرنے سے ماں بیٹی او باپ جاںبحق جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پہلا افسوسناک واقعہ بھکھی کے محلہ درس والا میں پیش آیا جہاں ڈبل سٹوری مکان کی چھت گرنے سے محنت کش قیصر، اس کی بیوی ماہم، ڈیڑھ سالہ بیٹی نائمہ جاں بحق جبکہ 14 سالہ بیٹی زولیخا شدید زخمی ہو گئیں۔ دوسرا واقعہ ساہوں کی ملیاں میں پیش آیا جہاں کچے مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو اہلکاروں نے محنت کش لیاقت علی کے گھر کے تمام زخمیوںکو طبی امداد دیتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ادھر بہاولپور میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ قصور اور شجاع آباد میں بھی چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں ایک شخص جاںبحق اور 11 افراد زخمی ہو گئے۔ گجرات میں شدید بارش کے باعث پہاڑ سے تودا گرنے کے باعث کار برساتی نالہ میں جا گری 2نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ کھاریاں کے قریب سیالکوٹ کے رہائشی نوجوانوں کی سوزوکی کار رات گئے پہاڑی علاقے سے گزر رہی تھی کہ پہاڑ سے سیلابی پانی تودے کے ساتھ گرنے کے باعث کار کو بہا لے گیا اور کار قریبی برساتی نالہ میں جاگری جس کے نتیجہ میں کار میں سوار سیالکوٹ ، نارروال کے رہائشی دو نوجوان کاشف رئوف، عابد جاں بحق ہو گئے۔ دریں اثناء نواحی گائوں فیض پورہ میں شدید بارش کے باعث نہر کا بند ٹوٹ گیا جس سے نہرکنارے واقع سینکڑوں مکانات پانی میں ڈوب گئے اس صورتحال میں لوگ فوری طور پر نکل مکانی پرمجبور ہوگئے ۔ بارشی پانی کی تباہی کی اطلاع پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ محکمہ کے افسران پانی سے لوگوں کو نکالنے کیلئے نہ تو موقع پرپہنچے اور نہ ہی کوئی اس ضمن میںکوئی اقدامات اٹھائے گئے جس پر علاقہ کے مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہوناشروع کردیا۔ان کا کہنا ہے کہ مون سون کی بارشوں سے قبل ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کے افسران کی غفلت کے باعث نہر کے پشتوں کو مضبوط اور لوگوں کے گھروں کومحفوظ کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جس کی وجہ سے ایک طرف عوام بند ٹوٹنے کے باعث پانی میں پھنس گئے تو دوسری طر ف ان کا لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہوا ہے انہوںنے اعلیٰ حکام سے بند ٹوٹنے لوگوں کے گھروں اور فصلات کا نقصا ن کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مظفر آباد میں لیپہ ویلی شمس بری پہاڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے اچانک پانچ بڑے چشمے ابل آئے جن کا پانی اکٹھا ہوکر ایک بڑے سیلابی ریلے کی صورت اختیار کرکے نو کوٹ میں داخل ہو گیا جس کی وجہ سے 17 گھر اور بیس دکانیں بری طرح متاثر ہوئیں۔ مانک پیاں مہاجر کیمپ بی 2 میں کلوٹ بند ہونے کی وجہ سے 50 سے زائد گھروں میں پانی داخل ہو گیا عوام سراپا احتجاج تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر بھر میں جہاں مون سون کی تیز بارشوں کی وجہ سے راستے بند اور جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ہفتہ کے روز راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوھاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ڈی جی خان ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ژوب، قلات، مردان ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا۔

ای پیپر دی نیشن