لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حلقے میں گڑ بڑ ہونے کے باوجود شکست تسلیم کرتے ہیں۔ عمران خان کو ملک گیر کامیابی پر مبارک باد دیتے ہیں۔ خدا کرے کہ عمران خان قوم کی توقعات پر پورا اتریں۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو انتخابی نتائج تسلیم کرنے چاہئیں۔ رانا ثناء اللہ کے الزامات مسترد کرتا ہوں۔ رانا ثناء اللہ میرے فون کا فرانزک کروا لیں۔ ملک کسی نئے انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہر پارٹی کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہئے۔ ووٹ دینے والے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکنان و عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ شکست کے باوجود ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ اب عمران خان کا امتحان شروع ہو گیا ہے۔ الیکشن نتائج پر تحریک چلانے کا کوئی جواز نہیں۔ سندھ میں کامیابی پر پیپلز پارٹی کو مبارک باد دیتے ہیں۔ دینی و قومی مقاصد کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔