گوجرانوالہ: وارڈنز کا عدالتی اہلکاروں پر تشدد، زیرحراست ملزم ہتھکڑیوں سمیت فرار کرا دیا

Jul 28, 2019

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) ٹریفک وارڈنز نے عدالتی اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ زیر حراست ملزم کو ہتھکڑی سمیت فرار کروا دیا ۔ سرکاری موٹر سائیکل اور موبائل فون بھی چھین لیا ، وارنٹ گرفتاری پھاڑ کر غلیظ گالیاں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں جبکہ سول لائن پو لیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سول جج مجسٹریٹ دفعہ 30 نثار احمدکی عدالت کا بیلف محمد علی خان جوکہ احمد مختار کے ہمراہ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر شیخ نقشب کو گرفتارکر کے عدالت میں پیش کرنے کیلئے لیجا رہے تھے کہ جناح سٹیڈیم کے قریب ٹریفک وارڈن عرفان سندھو نے انہیں روک لیا۔ اور مدیون کو فرار ہونے میں مدد کی۔ ٹریفک وارڈن کو ایسا کرنے سے منع کیا گیا تو اس نے وارنٹ گرفتاری چھین کر پھاڑ دئیے اور فاضل عدالت کو بھی غلیظ گالیاں دیں۔ اس بارے علم ہونے پر دیگر عدالتی بیلف بھی موقع پر پہنچ گئے جبکہ وارڈن کی کال پر ڈی ایس پی بیٹ ایریا، سب انسپکٹر محمد ایوب، سب انسپکٹر عاطف اور دیگر نے عدالتی اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنا ناشروع کر دیا۔ دوسری جانب پی آر او ٹریفک پولیس کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وجہ تنازعہ صرف اور صرف بغیر ہیلمٹ کے چالان کرنا تھا۔ ڈیوٹی پر موجود ٹریفک سٹاف کو دھکے دئیے گئے بلکہ ٹریفک سٹاف کے کچھ اہم کاغذات بھی اسی دھکم پیل میں گم ہوگئے ہیں۔کراس ورشن کروا دی گئی ہے تاہم تفتیش ہونے پر حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

مزیدخبریں