برقی سیڑھیاں اور کئی میٹرو سٹیشنز مہینوں سے بند، مسافر بے حال

Jul 28, 2019

لاہور (اپنے نامہ نگار سے )میٹرو بس کے روٹ پر کئی مہینوں سے جاری مرمت کے کام سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی میٹرو سٹیشنوں کو مسافروں کے لئے بند کر دیا گیا ہے جہاں سے نہ کوئی مسافر میٹرو بس میں سوار ہو سکتا ہے اور نہ کوئی اتر سکتا ہے۔ ان میں انتہائی اہم سٹیشن قرطبہ چوک ہے جسکی بندش سے مسافر انتہائی پریشان ہیں۔گجو متہ سے شاہدرہ سٹیشن تک تمام سٹیشنز خستہ حالی کا شکار ہیں۔ شاہدرہ سٹیشن سمیت متعدد سٹیشنوں کی بجلی کی سیڑھیاں عرصہ دراز سے خراب ہیں جس کی وجہ سے بیمار، ضعیف العمر افراد اور خواتین کو سخت اذیت سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے۔شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بسوں کے اے سی بند کر دئیے گئے ہیں ۔ اربوں روپے کی لاگت سے تیار کئے گئے اس منصوبے پر حکومتی توجہ نہ ہونے کے برابر ہے۔میٹرو بس کے بند کئے جانے والے سٹیشنوں کے حوالے سے میڈیا پر کوئی اشتہار جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی مسافروں کی آگاہی کے لئے کسی قسم کا نوٹس آویزاں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو بند سٹیشن تک پہنچ کر معلوم ہوتا ہے کہ سٹیشن بند ہے۔قرطبہ چوک اور شمع کے بس سٹیشن بند ہونے سے مسافروں کو طویل سفر کر کے اگلے بس سٹیشن تک جانا پڑتا ہے۔مسافروں نے اعلی حکام سے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔

مزیدخبریں