لاہور (آئی این پی) نیب کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا۔ بنگلے پر سرکاری اہلکار تعینات کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مفرور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا لاہور میں واقع بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ اسحاق ڈار کا 4 کنال 17 مرلے کا بنگلہ 7 ایچ ماڈل گلبرگ تھری میں ہے۔ مذکورہ کارروائی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون کی سربراہی میں کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق نیب کی جانب سے فوری طورپر بنگلے کو قبضے میں لینے کی ہدایت دی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ سرکاری تحویل میں لیکر سرکاری اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس نیب میں زیرسماعت ہے۔ اسحاق ڈار کافی عرصے سے مفرور ہیں اور عدالتوں سے بچنے کیلئے بیرون ملک مقیم ہیں۔ اس سے قبل بھی عدالت کے حکم پر اسحاق ڈار کی جائیداد قرق کی جا چکی ہے۔