ہیڈ بلو کی کا دورہ، اپوزیشن صرف اقتدار کیلئے بے چین ہے: عثمان بزدار

Jul 28, 2019

لاہور، قصور (نیوزرپورٹر، نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ہیڈ بلوکی کا دورہ کیا اور پانی کی آمد اور اخراج کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو ہیڈ بلوکی بیراج کی بحالی و اپ گریڈیشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔عثمان بزدار نے سیلاب کی صورتحال جانچنے کیلئے فضائی معائنہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سیلاب کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔ ہیڈ بلوکی سمیت دیگر دریاؤں کے بند اور پشتے وقت سے پہلے مضبوط بنائے گئے ہیں۔ دریاؤں میں پانی کی صورتحال پر 24 گھنٹے نظر رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں دریاؤں کے راستے بدلنے سے زمین دریا برد ہوئی ہے، وہاں نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے۔ہیڈ بلوکی پر میوزیم کے قیام کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے واٹر ایکٹ منظور کر لیا ہے۔واٹر ایکٹ کے نفاذ سے پانی کے ضیاع کو روکنے میں مدد ملے گی۔عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں احتجاج کا دم خم ہے نہ چیئرمین سینٹ کو ہٹانے کا، اپوزیشن صرف اقتدار کیلئے بے چین ہے۔مسترد شدہ عناصر کو یاد رکھنا چاہیئے کہ پاکستان کے باشعور عوام نے ان کی منفی سیاست کو رد کر دیا ہے اور یوم سیاہ کی ناکامی اپوزیشن کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔ عوام انتشار کی سیاست نہیں چاہتے۔ قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پر پورا اعتماد ہے۔عثمان بزدارنے شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے علاقے ہوشاب و تربت میں دہشت گردوں کے حملوں کی شدیدمذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے شہداء وطن کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اورشہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ نے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ ہیپاٹائٹس سے پاک پنجاب ہمارا عزم ہے۔ ہڑپہ پولیس سٹیشن کی حدودمیں دو خواجہ سرائوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔عثمان بزدار نے سابق صدر غلام اسحاق خان مرحوم کی بیوہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں