طوفانی بارشیں، چھت پلازہ، گرنے، کرنٹ سے سیالکوٹ 3 وزیرآباد میں 4 افراد جاںبحق

Jul 28, 2019

سیالکوٹ، چنیوٹ، چناب نگر‘ پسرور، وزیرآباد، گوجرانوالہ، حافظ آباد (نامہ نگاران، نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) سیالکوٹ میں بارشوں کے باعث زیر تعمیر تین منزلہ پلازہ اور مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت تین افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ آٹھ کو زندہ نکال لیا گیا۔ سیالکوٹ سے بارڈر کی طرف جانے والی چپراڑ روڈ پر واقع کمانوالہ گاؤں کے قریب تین منزلہ زیر تعمیر پلازہ گرنے سے دس افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کے عملہ بھاری مشینری کے ساتھ موقع پر پہنچ کر گیا۔ گھنٹوںکے جد وجہد کے بعد آٹھ افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا جبکہ، 27 سالہ صدام حسین اور محمد لطیف ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ پسرور کے علاقہ لوہاری منڈی میںبوسیدہ مکان میں قائم بیوٹی پارلرکی کچی چھت گرنے سے عمران کی بیوی35 سالہ آمنہ بی بی ملبے کے نیچے آکر جاں بحق ہو گئی۔ جبکہ امجد، جمشید اور شفیق زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء چنیوٹ وچناب نگر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ گلیاں و محلے دریا میں تبدیل، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا، انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھل گیا۔ بارش و آندھی کے باعث دیوارگرنے و کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے۔ نواحی علاقوںجن میں اڈی کھائی اور شیخن کے قریب ایک ڈھاری کی دیوار و چھت گر نے سے 6 افراد زخمی ہو گئے اس کے علا وہ کرنٹ لگنے سے محمد ذیشان جاں بحق ہو گیا۔ مسلسل آٹھ گھنٹے تیز اور موسلا دھار بارش سے متعدد مکانات ، چھتیں اور دیواریں نیچے آگریں، خاتون اور دوبچے زخمی، لاکھوں روپے کا گھریلو سامان تباہ، بارش کی وجہ ست شہر وگردونواح کے علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے،کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا، معمولات زندگی درہم برہم، اے سی دفتر، بلدیہ دفتر، ایوان عدل، ماڈل کالونی، جناح کالونی، سکندرپورہ، شیش محل، پیر مٹھا روڈ، حاجی پورہ، اللہ والا چوک، لالازار کالونی، شیرو محلہ، غلہ منڈی، گلی عزت خان، محلہ جلاپورہ اور مختلف دیہات نواں پنڈ، میرکوٹ میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ور لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔ جس سے گھریلو سامان مکمل طور پر تباہ ہوگیا ۔ گلی گوروکوٹھا میں یعقوب کا مکان گرگیا ۔ بکر گلہ میں عدنان لطیف کا مکان گرنے سے موٹر سائیکل ملبہ تلے دب گیا اور اے سی بھی تباہ ہوگیا۔ موضع پیران دا کوٹلہ میں سید عامر گیلانی کا مکان گر نے سے دو بچے معمولی زخمی ہوگئے، نواحی علاقہ ونجووالی میں مکان کی دیوار گرنے سے محنت کش محمد الیاس اور اس کی بیوی صغراں بی بی شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے تشویشناک صورتحال کے پیش نظر صغراں بی بی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کردیا گیا۔ متاثرہ لوگوں نے علاج اور گھر کی تعمیر کیلئے اعلیٰ حکام سے مدد کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء کرنٹ لگنے سے چار افراد جاں بحق، مرنے والوں میں دوسگے بھائی شامل ہیں ، متوفیان کو پانی کی موٹر سے بجلی کا کرنٹ لگا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ نواحی گائوں کھوسر بریار میں آٹھ سالہ سلیم ، 16 سالہ محمد عباس سگے بھائی، 19 سالہ امیر حمزہ اور 36سالہ لیاقت پانی کی موٹر میں کرنٹ آجانے سے ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایا گیا۔ جہاں ڈاکٹر نے انکی موت کی تصدیق کردی ۔ چار نوجوانوں کی بیک وقت موت کے اس افسوسناک واقعہ کے بعد علاقہ کی فضاء سوگوار ہے۔ لاشیں گھروں میںپہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ گوجرانوالہ میں بھی موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے واسا کی ناقص پلاننگ سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ بارش سے گیپکو کے 40 فیڈر ٹرپ کر گئے۔ حافظ آباد شہر میں نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث گذشتہ روز کی طوفانی بارش کے بعد پورا شہر گندے جوہڑ میں تبدیل ہوگیا۔ شہر کے نشیبی علاقوں اور متعدد سرکاری دفاتر میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کا جہاں لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہوگیا وہاں دفاتر کا قیمتی ریکارڈ بھی ضائع ہوگیا۔ علی پور روڈ، ونیکے روڈ، گوجرانوالہ روڈ ، جنرل بس اسٹینڈز، بجلی محلہ، رحمت آباد، مصری محلہ ، بہاولپورہ، شیرپورہ ، گڑھی اعوان سمیت تمام علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا جبکہ بجلی محلہ میں واقع واپڈہ کے تمام دفاتر میں پانی داخل ہونے سے سرکاری ریکارڈ کے ضائع ہونے کے ساتھ قیمتی سامان بھی تباہ ہوگیا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندگان کی بے حسی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہر میں نکاسی آب کے مین نالوں کی فوری صفائی کروائی جائے۔

مزیدخبریں