سٹیزن پورٹل: صوبائی محکموں کی کارکردگی پر اظہار مایوسی، سندھ کے عدم تعاون سے شہریوں کا زیادہ نقصان ہو رہا ہے: وزیراعظم

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کی شکایات کے حل میں صوبائی محکموں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان روابط کی مربوط حکمت عملی بنائی جائے اور چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کو پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی جانب سے درج کرائی جانے والی شکایات اور ان کے ازالے کے حوالے سے وفاقی و صوبائی محکموں کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ وفاقی اداروں کی جانب سے 89 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ اس طرح وفاقی محکموں کی کارکردگی سب سے بہتر رہی ہے۔وزیراعظم کو پیش کردہ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا کہ شہریوں کی جانب سے درج کرائی جانے والی شکایات کے ازالے میں حکومت سندھ کی کارکردگی سب سے نچلے درجے کی تھی،پاکستان سٹیزن پورٹل پر درج کرائی جانے والی شکایات کے ازالے کے حوالے سے تیار کردہ کارکردگی رپورٹ میں کہا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 90 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ خیبر پی کے حکومت اور اس کے اداروں کی جانب سے 86 فیصد شکایات دور کی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی حکومت نے ملنے والی 85 فیصد شکایات کا ازالہ کیا جبکہ بلوچستان و گلگت بلتستان کی حکومتوں نے شہریوں کی جانب سے ملنے والی 74 فیصد شکایات دور کیں۔رپورٹ میں بتایا گیاکہ حکومت سندھ نے ملنے والی صرف 30 فیصد شکایات کا ازالہ کیا ہے جس کی وجہ سے کل زیرالتوا شکایات جن کی تعداد 37 ہزار 574 ہیں ان میں سے 32 ہزار کا تعلق صوبائی حکومت سے ہے۔وزیراعظم کو پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ وفاقی وزارتوں اور اداروں کی جانب سے کل تین لاکھ 64 ہزار سے زائد ملنے والی شکایات کا ازالہ ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ میں وفاقی اداروں نے ملنے والی 84فیصد شکایات کا ازالہ کیا لیکن صوبائی محکمے اور ادارے صرف 30فیصد ہی شکایات کا ازالہ کرسکے ۔وزیراعظم کو دی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ میں سب سے زیادہ شکایات پولیس اور فراہمی و نکاسی آب سے متعلق درج کرائی گئیں۔ وزیراعظم نے صوبائی محکموں اور اداروں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کے عدم تعاون کا سب سے زیادہ نقصان عام شہریوں کو ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن