اسلام آباد، واشنگٹن (ایجنسیاں، نمائندہ خصوصی) ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کے لیے ملٹری سپورٹ بحال کر دی ، امریکا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی ٹیکنیکل اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ اور یو ایس ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے ایف سولہ طیاروں کے لیے پاکستان کو لاجسٹک اور ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے کی منظوری دے دی جس کے تحت امریکا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے پرزے اور فنی خدمات فراہم کرے گا۔یہ اعلان وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے بعد سامنے آیا ہے۔امریکا کی جانب سے بھارت کے سی 17 ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے بھی 67 کروڑ ڈالر کے سپورٹ پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔امریکی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آلات اور سپورٹ کی مجوزہ فروخت سے خطے میں فوجی توازن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف 16 طیاروں کی فروخت سے امریکی خارجہ پالیسی اور نیشنل سیکیورٹی کو فائدہ پہنچے گا کیونکہ اس طرح سے امریکا ہر وقت اپنے فوجیوں کی موجودگی سے اپنی ٹیکنالوجی کا تحفظ کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے تکنیکی سپورٹ سروسز کی درخواست کی تھی جس میں امریکی حکومت اور کانٹریکٹر ٹیکنیکل اینڈ لاجسٹکس سپورٹ سروسز بھی شامل ہیں۔ پاکستان نے آپریشنز کی نگرانی کیلئے لاجسٹک سپورٹ بھی طلب کی تھی۔ خیال رہے کہ اس پروگرام کیلئے کانٹریکٹر بوزایلن ہملٹن انجینئرنگ سروسز ایل ایل سی ہے۔ اس پروگرام پر عملدرآمد کیلئے کانٹریکٹر کے 60 نمائندوں کی پاکستان امن مہم ایف 16 پروگرام کی آپریشنز کی نگرانی کیلئے معاونت فراہم کریں گے۔ اس سے قبل پاکستان کو فراہم ہونے والی تمام ایف ایم ایس سپورٹ پروگرامز ٹرمپ انتظامیہ نے اسلام آباد پر افغان مقاصد میں واشنگٹن کی مدد نہ کرنے کے الزامات لگا کر روک دیئے تھے۔ امریکی دفاعی سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے ضروری دستاویزات فراہم کرتے ہوئے کانگریس کو اس ممکنہ فروخت کے بارے میں اطلاع دیدی ہے۔ دوسری جانب امریکہ نے پاکستان کیلئے عائد ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرنے کی بھی یقین دہانی کرا دی۔ ٹریول ایڈوائزری میں نرمی سے سرمایہ کاری میںاضافہ ہوگا۔ مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا امریکہ کی جانب سے جلد پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی متوقع ہے۔ نرمی سے امریکی سرمایہ کار پاکستان کی جانب راغب ہونگے اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کہا ہے ایف16 کے لئے امریکی سپورٹ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔وزیراعظم کی شاندارپذیرائی پربھارت میں واویلامچ گیا ہے اور بھونچال کی صورتحال ہے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنے بیان میں کہا ہمارے امریکا سے تعلقات پرانے ہیں، دفاعی تعاون پر تعلقات پھر سے بحال ہورہے ہیں، امریکا نے ایف16 کی اپ گریڈیشن کے لئے 125 ملین ڈالر رکھے ہیں، امریکاکی یہ سپورٹ پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا وزیراعظم کے دورہ امریکا کے بعد مزید اچھی خبریں آتی رہیں گی۔ بھارتی لابی کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ پاکستانی لیڈرز کے دورے ناکام ہوں مگر اس بارپانسہ پلٹ گیا، بھارتی پریشان ہوگئے کہ ہوا کیا ہے۔ بھارت توہماری ہرکامیابی پرڈپریشن میں چلاجاتاہے، ہماراپیسہ، ہمارا خلاباز لیکن پھر بھی بھارت میں لوگوں کومسئلہ ہے،ان کا کہنا تھا کہ چار سال سے بھارت کی ضد کی وجہ سے سارک اجلاس نہیں ہوسکا، ہم بھارت سے دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں ، ہم چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہوں، ہمیں تعلقات کی بہتری کے لئے تعاون چاہئے، بھارت کو پاکستان کی خطے میں اہمیت ماننی چاہئے۔فواد چوہدری نے ہمسایہ ملک کو مشورہ دیتے ہوئے کہا بھارت کواس فریم ورک سے باہر آنا چاہئے، ہم چاہتے ہیں بھارت پاکستان کی جغرافیائی اور سیاسی اہمیت سجھے، ہماری خواہش نہیں کہ ہم بھارت سے لڑائیوں میں پڑے رہیں۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایف سولہ طیاروں سے متعلق امریکی اعلان پلوامہ کے بعد بھارتی پراپیگنڈے کی ہار اور ہمارے اصولی موقف کی جیت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں اپنے کا ٹویٹ میںڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کے ایف سولہ طیاروں کیلئے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان کردیا ہے ۔ طیاروں کیلئے 125 ملین ڈالر کی سپورٹ فراہم کی جائے گی ۔ دورہ امریکہ دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، معاشی تعاون بڑھانے میں سنگ میل اور خطے میں مثبت ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔پوری دنیا نے وزیراعظم کے موقف کی تائید کی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان درست سمت میں نئی منزلوں کی جانب گامزن ہے۔ اپنے پیغام میں انھوں نے مزیدکہا ہے کہ ملکی معیشت کی مضبوطی،قومی ترقی اور اصلاحات کا عمل تبدیلی لا رہا ہے۔ ایف سولہ طیاروں کے لیے امریکہ کی جانب سے تکنیکی اور لاجسٹکس سپورٹ کا اعلان پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔یہ اعلان پلوامہ کے بعد بھارتی پراپیگنڈے کی ہار اور ہمارے اصولی موقف کی جیت ہے۔
پاکستان کی فوجی امداد بحال، ایف 16 کیلئے ساڑھے 12 کروڑ ڈالر دینگے: امریکہ
Jul 28, 2019