اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر) ہیڈ کوچ ارشد خان کی کوچنگ میںدفاعی چمپئن پاکستان ایئر فورس نے 1993اور 2013کی فاتح نیشنل بینک کو گروپ میچ میں 0-3سے شکست دے کر 28ویں نیشنل چیلنج کپ 2019سے باہر کردیا۔ فاتح ٹیم کیلئے سہیل جونیئر، فیصل اور منصور خان نے ایک ایک بار گیند کو جال میں ڈالا۔ پاکستان ایئر فورس پہلے ہی گروپ ’اے‘ سے بحیثیت گروپ لیڈر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ مستحکم کرچکی ہے ۔قبل ازیں انہوں نے ایشیا گھی ملز اور پاکستان پولیس کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ نیشنل بینک کو ٹاپ 8میںرسائی کیلئے پاکستان ایئر فورس سے صرف میچ برابر کھیلنا تھا لیکن بدقسمتی سے انہیں شکست ہوئی۔نیشنل بینک نے پاکستان پولیس سے مقابلہ 2-2سے برابر اور ایشیا گھی ملز کو 1-2سے شکست دی تھی۔ اسی گروپ سے پاکستان پولیس نے ایشیا گھی ملز کو 5-0کے واضح فرق سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔پولیس کی جانب سے یوسف نے 2، جمیل ، حنیف اور نبیل نے ایک ایک بار گیند کو جال کی جانب روانہ کیا۔ایئر فورس اور نیشنل بینک کے مابین میچ میں کرنل (ر) سعد رسول ، ایگزیکٹیو ممبر ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کا بحیثیت مہمان خصوصی کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔اس موقع پر سید ظاہر علی شاہ، شرافت حسین بخاری، باسط کمال، حزب اﷲ بٹینی،رؤف باری ودیگر بھی موجود تھے۔طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم پشاور پر کھیلے گئے اہم میچ میں نیشنل بینک حریف پاکستان ایئر فورس کے ہاتھو ں 3-0کی ہزیمت سے دوچار ہوکر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ وقفہ پر مقابلہ 0-0سے برابر تھا۔
نیشنل چیلنج کپ، ائیرفورس نے نیشنل نینک اور پولیس نے ایشیا ملز کو ہرا دیا
Jul 28, 2019