سرینا ولیمز افتتاحی کینٹکی ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے تیار

نیویارک ( وائس آف ایشیا) امریکہ کی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ نے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرینا ولیمز اگست میں کینٹکی میں ایک نئے ڈبلیو ٹی اے ہارڈورکورٹ ٹورنامنٹ میں واپسی کرینگی۔کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 10 اگست سے شروع ہوگا جس میں چھ مرتبہ سال کے چوتھے گرینڈ سلام یو ایس اوپن کی فاتح سرینا ولیمز اور 2017ء میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والی امریکی ٹینس سٹار سلونی سٹیفنز ڈبلیو ٹی اے کھیل دوبارہ شروع ہونے پر میدان میں ایکشن میں نظر آئیں گی، سرینا ولیمز فروری میں ہونے والے فیڈ کپ میں امریکہ کی نمائندگی کے بعد سے نہیں کھیلی ہیں۔کورونا وائرس کے باعث ڈبلیو ٹی اے ٹور کے ساتھ ساتھ بیشتر عالمی کھیلوں کی سرگرمیاں پوری دنیا میں متاثر ہوئیں ہیں۔ ڈبلیو ٹی اے ٹور اور مردوں کا اے ٹی پی دورہ اگست میں دوبارہ شروع ہونا ہے۔38 سالہ سرینا ولیمز نے پہلے ہی کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ شیڈول گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی، جس کا آغاز 31 اگست کو نیویارک میں ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن