اسپورٹس میں بائیومکینکس کی خصوصی اہمیت ہے‘عدنان ارشد اولکھ

Jul 28, 2020

لاہور (این این آئی) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ افسران کی صلاحیتوں اور کارکردگی میں بہتری کے لئے آن لائن تربیتی ورکشاپ کا اہم کردار ہے، افسران کی تربیت کے لئے یہ بہترین پلیٹ فارم ہے، سپورٹس میں بائیومکینکس کی خصوصی اہمیت ہے، ماہرین کے تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے افسران اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں یوتھ افئیرزاینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام ڈویژن سطح پر آن لائن تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ورکشاپ کی میزبانی بہاولپور ڈویژن سپورٹس آفس نے کی، ورکشاپ میں پنجاب بھر کے ڈویژنل، ڈسٹرکٹ، تحصیل سپورٹس افسران اور کوچز نے شرکت کی، ورکشاپ میں بائیومکینکس کے سپورٹس میں کردار کے عنوان سے ڈاکٹر ضیاء الحق و دیگر ماہرین نے لیکچرز دیئے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے سپورٹس کی ترقی اور ترویج کیلئے آن لائن تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاہے،جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آن لائن تربیت کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس سے افسران کو سیکھنے کا موقع مل رہا ہے،انہو ں نے مزید کہا کہ سپورٹس میں کامیابی کے لئے بائیو مکینکس کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں سپورٹس سکول بھی بنایا جائیگا، پنجاب کے دوردراز کے علاقوں میں بھی سپورٹس کمپلیکس اور گراؤنڈز بنائے جارہے ہیں۔ بہاولپور ڈویژن کی میزبانی میں ہونیوالی کامیاب آن لائن تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ڈویژنل سپورٹس آفیسر حماد اقبال کو مبارکباد دی ۔

مزیدخبریں