لاہور( این این آئی)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے گزشتہ روز گوجرہ میں ہاکی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا، متعلقہ افسران نے ان کوہاکی سٹیڈیم میں ترقیاتی کام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے چیف سپورٹس کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد جمیل ، شاہد ندیم ورک اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام بھی جلداز جلد مکمل کیا جائے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوجرہ نے ہاکی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ گوجرہ سے ہاکی کے نئے سٹار ابھر کر سامنے آئیں گے، گوجرہ میں ہاکی کا بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب اس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے اہم اقدامات کررہا ہے، گوجرہ کے کھلاڑی ہاکی کو ایک بار پھر عروج پر لے جانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھوڑا عرصہ پہلے ہاکی کے فروغ اور ترقی کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے گوجرہ میں لڑکوں اور لڑکیوں کے تربیتی کیمپ بھی منعقد کئے تھے جس میں ماہر کوچز نے کھلاڑیوں کو تربیت دی تھی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں سپورٹس کی ترقی کیلئے ترقیاتی کام جاری ہیں، افسران کو چاہئے کہ ترقیاتی کام جلدازجلد مکمل کروائیں، گوجرہ میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ہاکی اولمپیئن سے بھی ملاقات کی۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے گوجرہ ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کیا
Jul 28, 2020