کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ورچوئل اسکریبل ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں پہنچ گیا ۔تفصیلات کے مطابق کورونا کی عالمی وبا کے دوران پہلی بار ورچوئل اسکریبل ورلڈ کپ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں 16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر ٹیم میں پانچ کھلاڑی شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم سابق ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن معیذ اللہ بیگ، سید عماد علی، سابق قومی چیمپیئن وسیم کھتری، حسان ہادی خان اور صہیب ثنا ء اللہ پر مشتمل ہے۔ پاکستان نے گروپ بی میں حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے مشکل حریف آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور نائیجیریا کو شکست دے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی اورکوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ قومی اسکریبل ٹیم نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کو 16-9جبکہ نائجیریا کو 14-11 سے ہرایا۔ انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے پاکستان کے دو پلیئرز ٹاپ ٹین میں شامل ہیں، 14سالہ سید عماد علی 11 فتوحات اور 769 کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پرہیں۔ حسان ہادی خان 10 میچز جیت کر پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ ٹیم کی فتوحات میں وسیم کھتری، معیذ اللہ بیگ اور صہیب ثناء اللہ نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ انفرادی فتوحات میں بھی پاکستان کا پہلا نمبر ہے۔
ُُُٓٓٓپاکستان ورچوئل اسکریبل ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں
Jul 28, 2020