اسلام آباد (نیٹ نیوز) پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین سفارتی تعلقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، 3 برس کے تعطل کے بعد ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن مکمل فعال ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں سفارتی تعلقات کا توازن بدل رہا ہے، اپنی متعصبانہ پالیسیوں کی وجہ سے بھارت خطے میں تنہا ہونے لگا۔ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن فعال ہونا پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات بحالی میں اہم پیش رفت ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ واجد سے حالیہ رابطہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان سفارتی کشیدگی کم کرانے میں چین کا اہم کردار ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں بہتری سے بھارت کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ بنگلہ دیشی وزیراعظم نے بھارتی ہائی کمشنر کی کئی درخواستوں کے باوجود ملنے سے انکار کر دیا۔