لاہور‘ ننکانہ صاحب (نیوز رپورٹر‘ نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کا پھیلائو روکنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کامیاب رہی ہے اور آج دنیا بھی وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو سراہ رہی ہے۔ سمارٹ لاک ڈائون کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سمارٹ لاک ڈائون کی مخالفت کرنے والوں کو اب اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتوں نے کرونا جیسے قومی چیلنج پر بھی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے کی ناکام کوشش کی۔ حکومت کے دور اندیش اقدامات کے باعث کرونا وباء کا پھیلائو کم ہوا ہے- عیدالاضحی پر بھی ایس او پیز پر عملدآمد یقینی بنانا ہوگا۔عوام سے اپیل ہے کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور عید پر قربانی کرتے وقت حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔کرونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس سے بچائو کے بارے میں لوگوں کو آگہی دینا انتہائی ضروری ہے ۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہیپاٹائٹس جیسے موذی مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے کیونکہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔ حکومت کے موثر اقدامات کے باعث کرونا کا پھیلائو روکنے میں مدد ملی ہے اورعوام کی جانب سے بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں- کرونا کا پھیلائو روکنے کے لئے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔ عثمان بزدار ننکانہ صاحب میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر(ر) اعجاز احمد شاہ کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بھائی حسن احمد شاہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔