کیپٹن سرور کا 72واں یوم شہادت: آرمی چیف کی طرف سے مزار پر پھولوں کی چادر

Jul 28, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)پاک فوج کے آفیسر کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا 72 واں یوم شہادت 27جولائی پیر کو عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ وہ نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے پہلے آفیسر تھے۔ یوم شہادت کے سلسلے میں مختلف شہروں میں منعقدہ تقریبات میں شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شبلی فراز نے خراج عقیدت پیش کرتے کہا مادر وطن پر قربان ہونے والے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔ قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کیپٹن سرور نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید پاکستان کی شہہ رگ کے لئے لڑتے ہوئے قربان ہوکر امر ہو گئے۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے اڑی میں تل پترا کی پہاڑی کیپٹن سرور شہید کی شجاعت کی گواہ ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پہلے نشان حیدر پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید کا 72واں یوم شہادت کے موقع پر گائوں منگھوڑی گجر خان میں مزار پر تقریب منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے کمانڈر ہیڈ کوارٹرز نیشنل گارڈ نے شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی تقریب میں شہید کے عزیز و اقارب اور شہریوں نے شرکت کی۔

مزیدخبریں