قانون سازی سے کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں، ملک لوٹنے والوں کو کٹہرے میں لانا چاہئے: شاہ محمود

Jul 28, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ سٹاف رپورٹر) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں بہترقانون سازی کے ذریعے کرپشن کی بیخ کْنی چاہتے ہیں، ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ کرپشن کے نام پر کسی کی عزت نہ اچھالی جائے، ہم نے ایف اے ٹی ایف، نیشنل سیکورٹی اورنیب سے متعلقہ مسودے اپنے اپوزیشن کے دوستوں کو بھجوا دئیے ہیں۔ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں جبکہ قانون سازی ایک مسلمہ عمل ہے، بعض قوانین کے حوالے سے ہمارا ایک موقف ہے جبکہ اپوزیشن کا ایک دوسرا موقف ہے، ہمارے اوراپوزیشن کے درمیان نکتہ نظرکے درمیان فرق کو مل بیٹھ کرطے کرنے اوربہترقانون سازی کیلئے 24 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل پا چکی ہے۔ مجھے توقع ہے کہ اپوزیشن کے احباب فراخ دلی کے ساتھ ان مسودوں کو دیکھیں گے اور پھر ہم مل بیٹھ کراس پرگفت وشنید کریں گے۔ لیکن وہ لوگ جنہوں نے اس ملک کو بیدردی سے لوٹا ہے انہیں کٹہرے میں لایا جانا چاہیے لہذا ہماری کوشش یہی ہے کہ ایک ایسا قانون ہونا چاہیے جو ان دونوں پیمانوں پرپورا اترتا ہو۔ انسداد کرونا کے لئے تعاون کے بارے میں پاکستان، چین ، افغانستان اور نیپال کے وزراء خارجہ پر مشتمل چار فریقی کانفرنس گزشتہ روز ہوئی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی پیشگی مصروفیات کی وجہ سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے پاکستان کی نمائندگی کی اور وزیر خارجہ نے کانفرنس کیلئے اپنا ویڈیو پیغام بھجوایا۔ اس پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں چینی قیادت کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے کووڈ 19 جیسے اہم موضوع پر چار ملکی کانفرنس کا انعقاد کیا ۔چین افغانستان نیپال اور پاکستان اس خطے کے اہم ممالک ہیں ہمیں اپنے لوگوں کو اس عالمی وبا کے مضمرات سے بچانے اور کرونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس وائرس سے نمٹنے کیلئے اتحاد باہمی، یگانگت و کثیر الجہتی تعاون کی ضرورت ہے جو کسی مذہب، قومیت اور علاقائی حدود سے مبرا ہے۔ پاکستان نے کرونا وائرس کے خاتمے کے لئے عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اقتصادی امور کے وفاقی وزیر خسرو بختیار نے نے کرونا کے خلاف چین، افغانستان پاکستان نیپال چار فریقی وزرائے خارجہ ویڈیو کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہئے اور کرونا کی روک تھام میں تحقیقی اداروں میں رابطہ مستحکم کرنا چاہئے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرونا سے نمٹنے کیلئے تعاون سے متعلق اشیائی ویڈیو کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس میں پاکستان‘ چین‘ نیپال‘ افغانستان کے وزراء خارجہ نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چینی قیادت کو ویڈیو کانفرنس کی میزبانی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ایک دوسرے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ کرونا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ضروری ہے۔

مزیدخبریں