اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز سید علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ بہت ہو گیا ، اہل کراچی سے وعدہ ہے اب وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے ، کراچی کی منظم تباہی کا معاملہ وزیر اعظم عمران خان کے سامنے رکھیں گے ۔ وزیر اعظم نے ہمیشہ کراچی کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔واضح نظر آرہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی سے انتقام لے رہی ہے۔ پیر کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں علی حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے آئین کی روح کے مطابق عمل کرتے ہوئے صوبوں کو آزادی سے کام کرنے کا موقع دیا، اس وقت کیا راستہ بچتا ہے جب صوبائی حکومت عوام کے مفادات پر بھی ضرب لگانا شروع کر دے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے جان بوجھ کر شہر کو تباہ کر کے پاکستان کو معاشی نقصان سے دوچار کرنے کی کوشش کی ہے۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی احساس ندامت کے بغیر بلاجھجک برسوں تک ہمیں لوٹتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف نظر آرہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی سے بدلا لے رہی ہے۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ جب تک ان مجرمان سے چھٹکارہ نہیں ملتا ہم ایک قدم آگے اور دو قدم پیچھے ہٹتے رہیں گے۔