لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کرونا وائرس کے معاملے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سمیت دیگر کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر کے درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ فاضل عدالت نے قرار دیا کہ اگر درخواست گزار اپنا موقف ثابت نہ کر سکا تو لاکھوں روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے سید محمد اظہر کی درخواست پر سماعت کی۔ استفسار کیا کہ آپ کون ہیں؟۔ درخواست گذار کی جانب سے بتایا گیا کہ میں اے سی مکینک ہوں، فاضل عدالت نے کہا کہ بچوں کی روزی روٹی کمائو، کہاں عدالتوں میں آگئے ہو؟۔ جس پر درخواست گذار نے عدالت کو بتایا کہ بڑی کوشش کرتا ہوں ہم اشرف المخلوقات ہیں اور ہماری ذمہ داری ہے جس پر فاضل عدالت نے قرار دیا کہ بچوں کی ذمہ داری کا وقت عدالتوں میں کیوں ضائع کرتے ہو تو درخواست گذار نے کہا کہ کرونا وائرس سے متعلق پاکستان کی اپنی کوئی تحقیق ہے یا چائنہ اور امریکی تحقیق پر چل رہے ہیں جس پر عدالت نے کہا کہ اگر کیس ثابت نہ ہوا تو آپکو لاکھوں روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ درخواست گذار نے عدالت سے استدعا کی کہ کرونا وائرس کے متعلق وزیراعظم اور وزیراعلی سے جواب طلب کیا جائے۔ غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں وزیراعظم وزیراعلی سمیت دیگر کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔