بہت ہوگیا، اہل کراچی کیلئے اب خاموش نہیں بیٹھوں گا، علی حیدر زیدی

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر علی حیدر زیدی کا کہنا ہے کہ بہت ہوگیا، اہل کراچی سے وعدہ ہے اب خاموش نہیں بیٹھوں گا۔وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کراچی کی منظم تباہی کا معاملہ وزیر اعظم عمران خان کے سامنے رکھوں گا، وزیراعظم نے ہمیشہ کراچی کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئین کے مطابق صوبوں کو آزادی سے کام کرنے کا موقع دیا لیکن اس وقت کیا راستہ بچتا ہے جب صوبائی حکومت عوام کے مفادات پرہی ضرب لگانا شروع کردے۔علی زیدی نے کہا کہ اس جماعت نے جان بوجھ کر شہر کو تباہ کرکے پاکستان کو معاشی نقصان سے دوچار کرنے کی کوشش کی ہے، پیپلز پارٹی بلا جھجک واحساسِ ندامت برسوں تک ہمیں لوٹتی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف نظر آرہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی سے بدلہ لے رہی ہے، جب تک پاکستان ان مجرموں سے نجات حاصل نہیں کرتا ہم اپنی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھاسکتے۔علی زیدی نے مزید کہا کہ جب تک ان مجرموں سے چھٹکارا نہیں ملتا ہم ایک قدم آگے اور 2 قدم پیچھے ہٹتے رہیں گے۔

ای پیپر دی نیشن