سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) سیالکوٹ کے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 38میں ضمنی الیکشن آج ہو گا۔ پی پی 38کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چودھری احسن سلیم بریار، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چودھری طارق سبحانی، تحریک لبیک پاکستان کے نامزد امیدوار ملک فہیم مشتاق اور آزاد امیدواران نجم الحسن، محمد سیف اللہ باجوہ، محمد ساجد سلیم، عقیل قیصر اور بلال اسلم کے مابین مقابلہ ہو گا۔ آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ الیکشن میں استعمال ہونے والا تمام سامان پریزائڈنگ افسران کے سپردکر دیا گیا۔ بارش کے باوجود انتخابی عملے نے تمام سامان وصول کیا اور اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشن پر روانہ ہو گئے۔ حلقہ پی پی38میں الیکشن کمیشن کی جانب سے 165پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ حلقہ کے مجموعی ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 33ہزار 422 ہے جن میں 1لاکھ 28ہزار 128مرد اور 1لاکھ 5ہزار 294 خواتین ووٹوں کی تعداد ہے۔ جبکہ مجموعی طور پر 487پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں 262مردوں اور 225خواتین کے پولنگ بوتھ ہیں۔ پولنگ کا عمل 8بجے شروع ہو گا اور شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گا۔ سیالکوٹ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کا بھرپور بندوبست کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں دفعہ 144 نافذ اور عام تعطیل کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ یہ سیٹ سابق صوبائی وزیر و رکن صوبائی اسمبلی چودھری خوش اختر سبحانی کی وفات سے خالی ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 30 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس اور 63 حساس ہیں۔ دونوں پارٹیوں کے ووٹر اور سپورٹر اپنے اپنے امیدوار کی جیت کے دعوے کر رہے ہیں۔ اس حلقہ میں سات بار جیتنے والے خاندان کے سپوت چوہدری طارق سبحانی مسلم لیگ ن تو دوسری جانب مسلم لیگ (ق) پنجاب کے نائب صدر چوہدری سلیم بریار کا بیٹا احسن سلیم بریار پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہا ہے۔ سابق امیدوار سعید بھلی اور سابق ایم پی اے طاہر ہندلی پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کے حق میں دستبردار ہو چکے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے رینجرز حکام، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سیالکوٹ سے اہم ملاقات کی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالغفار قیصرانی نے بریفنگ دی۔ملاقات میں رینجرز سے سیکٹر انچارج اور رینجرز ونگ کمانڈر نے بھی شرکت کی۔ حساس پولنگ سٹیشنز پر رینجرز کے جوان تعینات کر دئیے گئے۔ رینجرز کے جوان پولنگ ڈے پر حلقے میں پٹرولنگ کریں گے۔صوبائی الیکشن کمشنر، پنجاب نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کے بعد ریٹرننگ افسر کے دفتر میں انتخابی عملہ اور سکیورٹی اہلکاران کے علاوہ کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ پریزائیڈنگ افسران پولنگ ریکارڈ سکیورٹی اہلکاروں کی زیر نگرانی آر او دفتر میں پہنچائیں گے۔ پولنگ ڈے پر ہر صورت امن و امان کو یقینی بنایا جائیگا۔ پولیس اور رینجرز کنٹرول روم کے ذریعے تمام سکیورٹی اہلکاروں سے رابطہ میں رہیں گے۔ علاوہ ازیں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضمنی انتخاب کے حوالے سے مانیٹرنگ ٹیموں کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ مانیٹرنگ ٹیم کو مختلف علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔