لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اکیس کمپنیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد مختلف مصنوعات پر ممبران کے لیے رعایت کا حصول ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ نائب صدر طاہر منظور چودھری نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے ڈسکاؤنٹ کارڈ کے کنوینر محمد ندیم قریشی و ایگزیکٹو کمیٹی ممبر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کا پہلا چیمبر ہے جس نے اپنے ممبران کے لیے ایسی سہولت متعارف کروائی ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری 200سے زائد کمپنیوں کے ساتھ ایسے ایم او یوز کرکے اپنے ممبران کے لیے سہولیات حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹنر کمپنیوں کی لاہور چیمبر نیوز اور ایف ایم 98.6ریڈیو کے ذریعے فری مارکیٹنگ کی جائے گی۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ لاہور چیمبر میں نادرا ، پاسپورٹ ، پولیس ، واسا ، پیسی ، پی آئی ای ڈی ایم سی ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، لیسکو ، ایف بی آر ، سمیڈا ، پی آئی اے ، وی بوک ، ایل ڈی اے ، موبی لنک مائیکرو فنانس بینک ، پنجاب بینک اور کوڈ ویکسینیشن کے سہولت مراکز کامرس اینڈ انڈسٹری اپنے ممبروں کے لئے بے مثال خدمات فراہم کررہے ہیں۔
ممبران کی سہولت کیلئے لاہور چیمبرکی21کمپنیوں کیساتھ مفاہمتی یادداشت
Jul 28, 2021