صوبے کے بلدیاتی اداروں کو بحال کیا جائے : پنجاب بار کونسل

Jul 28, 2021

رحیم یارخان (کرائم رپورٹر) وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چوہدری محمد اقبال خان کی زیرصدارت پنجاب بار کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بار کونسل کے ممبران نے شرکت کی، اس موقع پر اجلاس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے 25 مارچ کو بحال کئے جانے والے پنجاب بھر کے بلدیاتی اداروں کو اختیارات منتقل نہ کئے جانے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا، اس موقع پر وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 189کے تحت تمام ادارے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے باوجود حکومت پنجاب کی جانب سے بلدیاتی اداروں کو اختیارات منتقل نہ کیا جانا سراسر توہین عدالت ہے، پنجاب بار کونسل نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پنجاب بھر کے بلدیاتی اداروں کو مکمل طور پر بحال کیا جائے منتخب نمائندوں کو اختیارات سونپے جائیں نہ ہونے کی صورت میں پنجاب بار کونسل توہین عدالت کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرے گی۔

مزیدخبریں