ملتان (محمد نوید شاہ سے)آزاد کشمیر کے الیکشن میں شکست سے مسلم لیگ ن کی صفوں میں زبردست ہلچل ‘ شکست نے رہنماؤں اور کارکنوں کے حوصلوں کو پست کر دیا ہے۔ گزشتہ روز شہر کے مختلف حصوں میں مسلم لیگ ن کی کئی کارنر میٹنگز ہوئی جن میں کارکنوں نے پارٹی کی پالیسی پر کھل کر تنقید کی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ پارٹی کے اندر مریم نواز کے بیانیہ کی شدت سے مخالفت کی جارہی ہے۔ اور اس بیانیہ کو ہی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شکست کی اصل وجہ بتائی گئی ہے۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ پارٹی کے بعض اہم رہنماؤں نے یہ عندیہ دیا ہے کہ اگر ان کی نہ سنی گئی تو وہ جلد ہی دیگر پارٹیوں سے رابطہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اس حوالے سے ملتان سے تعلق رکھنے والے 2 سابق صوبائی اراکین اسمبلی نے لاہور میں ق لیگ کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کر لی ہیں۔ اسی طرح جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کئی دیگر مقامی رہنما بھی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں میں آ چکے ہیں۔