چکوال(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس اے ڈی سی جی اشعر اقبال کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ لیبر، ماحولیات، سوشل سیکیورٹی ، ای او بی آئی و دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران اور بھٹہ مالکان نے شرکت کی۔اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر اظہر حسین نے ڈسٹرکٹ ویجیلینس کمیٹی کی ذمّہ داریوں اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ حکومت پنجاب نے ورکرز کے لئے کم از کم اجرت بڑھا کر یکم جولائی سے 20( بیس) ہزار روپے مقرر کر دی ہے۔ اسی طرح کمیٹی کے معاون دیگر سرکاری محکموں کے افسران نے بھی متعلقہ دائرہ کار کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اے ڈی سی جی نے لیبر لاز پر عملدرآمد، بھٹہ ورکرز کو سوشل سیکیورٹی کارڈز کے اجراء ، بھٹہ ورکرز کے بچوں کے لئے تعلیمی سہولیات اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں تفصیلات دریافت کیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ کم از کم اجرت کے قانون پر حسبِ منشا عملدرآمد کرتے ہوئے ورکرز کو ادائیگی اضافہ شدہ شرح کے مطابق یقینی بنائی جائے۔ بھٹہ ورکرز کی فیملیز کے لئے علاج معالجہ کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اے ڈی سی جی نے بھٹہ مالکان کو تاکید کی کہ وہ اپنے ورکرز کو سوشل سیکیورٹی کارڈز جاری کروانے کے لئے مطلوبہ رقوم ادارہ سوشل سیکیورٹی کی مقامی انتظامیہ کے پاس باقاعدگی سے جمع کروائیں۔ انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ متعلقہ دائرہ کار میں مطلوبہ کارکردگی یقینی بنائی جائے۔
بھٹہ مالکان کم ازکم اجرت کے قانون پر عمل یقینی بنائیں، اے ڈی سی جی چکوال
Jul 28, 2021