کراچی (وقائع نگار)وفاقی اْردو یونیورسٹی کے مستقل شیخ الجامعہ کے تقرر کے لئے تین امیدواروں کے ناموں کی سفارش ڈاکٹر عارف علوی صدر ِ پاکستان و چانسلر وفاقی جامعہ اْردو کو ارسال کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ وفاقی اْردو یونیورسٹی کی سینیٹ کا 47 واں اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اے کیو خلیل کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اْردو یونیورسٹی کے آرڈیننس کے مطابق سرچ کمٹی کے تجویز کردہ پانچ نام پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی‘ پروفیسر اطہر عطائ ‘ پروفیسر ظفر اللہ قریشی‘ پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل اور پروفیسر ڈاکٹر ظہیر الحق سینیٹ میں پیش کئے گئے۔ سرچ کمیٹی کے تجویز کردہ امیدواروں کے ناموں میں سے تین ناموں کا پینل سینیٹ نے صدر پاکستان و چانسلروفاقی جامعہ اْردو کو ارسال کرنے کی منظوری دے دی ہے جن میں بالترتیب ڈاکٹر شاہد قریشی‘ پروفیسر اطہر عطائ اور پروفیسر ظفر اللہ قریشی شامل ہیں۔ سینیٹ کے 47 ویں اجلاس میں قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق‘ پروفیسر ڈاکٹر معین الدین عقیل‘ پروفیسر ڈاکٹر جعفر احمد‘ صادقہ صلاح الدین‘ شکیل الرحمن‘ ڈاکٹر توصیف احمد خان‘ واجد جواد‘ ڈاکٹر ریاض احمد‘ ڈاکٹر محمد عرفان‘ ڈاکٹر اے کیو مغل نمائندہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن‘ ڈاکٹر سید طاہر علی اورقائم مقام رجسٹرارجامعہ اْردو ڈاکٹر محمد صارم نے شرکت کی۔