کراچی (نیوز ڈیسک )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کراچی اسلامک ریسرچ سینٹر میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں عزاداری اپنے روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔عزاداران مظلوم کربلا کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے مجلس و جلوس میں شریک ہوں۔ عزاداری سید الشہداء کے خلاف کسی پابندی کو برداشت نہیں کریں گے۔عزاداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج مذہبی آزادی سے متصادم اور آئینی خلاف ورزی ہے۔ملک کو مسلکی ریاست نہ بنایا جائے۔پنجاب حکومت عزاداروں کے خلاف تسلسل کے ساتھ سنگین مقدمات کے اندراج کر کے تعصب کا مظاہرہ کر رہی ہے۔آٹھ سال سے چودہ سال کے کم سنوں کو بھی عزاداری کی پاداش میں قید کیا گیا۔قانون کے نام پر ایسی لاقانونیت ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی شیعہ سنی مل کر نواسہ رسول ؐ کا غم منائیں گے۔اتحاد و اخوت کا عملی اظہار عالم استکباری قوتوں کے لیے شکست کا پیغام ثابت ہو گا۔ حکومت ملت تشیع کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے اپنے انتظامات مکمل کرے۔خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے مذموم عناصر متحرک ہو چکے ہیں۔امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے امریکہ گھناو?نا کھیل کھیل رہا ہے۔ خطے میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر قابو پانے کے لیے پاکستان اور پڑوسی ممالک کے حکمرانوں کو دوراندیشی اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔