کراچی (کامرس رپورٹر) ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے اخبارات میں شائع شدہ یوبی جی کی جانب سے عائد کردہ الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے روز مرہ معاملات انتہائی شفاف طریقے سے چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوبی جی کی قیادت کو اندازہ ہوچکا ہے کہ وہ انتخابی عمل کے ذریعہ ہرگز کامیابی حاصل نہیں کرسکتی لہذا اس نے جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا لینا شروع کردیا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ فیڈریشن کے موجودہ عہدیدار بھی ان کی طرح محض ظہرانے، عصرانے اور عشائیے کرکے سال پورا کریں۔ اس کے برعکس موجودہ عہدیداروں کی ٹیم نے تاجر برادری اور اپنے ممبران کے مسائل کو مکمل دلجمعی کے ساتھ حل کروانے کا عہد کر رکھا ہے اور اس کیلئے دن رات جدوجہد کر رہی ہے۔ میاں ناصر حیات مگوں نے کہا کہ یوبی جی نے گذشتہ پانچ برسوں کے دوران 2015-19تک فیڈریشن کے ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کو مکمل تباہ کردیا جو کہ وفاقی ایوان کی ذمہ داریوں میں اہم مقام رکھتا ہے۔ اس شعبہ کی ضروریات کو محض جھوٹے نعروں کے ذریعے پورا نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی ایوان کی موجودہ قیادت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ملکی و غیر ملکی تجارتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک قابل اعتماد پالیسی ایڈوائزری بورڈ قائم کیا ہے۔ اس غرض سے ہم نے نہایت اہم افراد کی خدمات سے استفادہ شروع کیا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے اپنی وضاحت میں کہا کہ انہوں نے اب تک کسی بھی رکن کے رشتہ دار کو فیڈریشن کی ملازمت نہیں دی ہے کیونکہ ان کا گروپ خود اس قسم کی اقربا پروری کا مخالف رہا ہے۔ جہاں تک مارکیٹنگ منیجر کی تقرری کا تعلق ہے تو وہ ایک وسیع تجربہ کا حامل ہے۔ میاں ناصر حیات مگوں نے مزید کہا کہ وہ ایف پی سی سی آئی میں ہر قیمت پر خاص میرٹ کا اعلیٰ معیار قائم کرتے رہیں گے اور اس غرض سے نئے اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ خاص طور پر ریسرچ کے شعبے میں اس اقدام کی بہت سخت ضرورت اور اہمیت ہے۔ لہذا مخالف گروپ کی جانب سے کیا گیا پروپیگنڈہ اخباری بیانات کی زینت تو بن سکتا ہے مگر ان کے اس عزم کو کمزور نہیں کرسکتا کہ ایف پی سی سی آئی کے معاملا ت کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق استوار کیا جائے اور وطن عزیز کی خدمات انجام دینے کیلئے اپنا کردار مضبوطی سے ادا کریں۔