اسلام آباد(نا مہ نگار)ہوٹلز کی رہنما تنظیم اسلام آباد ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن (آئی آر اے)نے وفاقی حکومت سے کرونا وبا کی وجہ سے شدید متاثر ہونے والے اس شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کے صدر خرم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کا درجہ ملنے سے پورے پاکستان کے ہوٹلنگ کے شعبے کو نہ صرف سستی بجلی اور پانی کی فراہمی کے علاوہ پراپرٹی ٹیکس اور لائسنس کی فیسوں میں بھی کمی ممکن ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اس شعبے کو صنعت کا درجہ ملنے سے ملک بھر کے ہوٹلوں اور رسٹورانٹس کو سنبھلنے کا موقع ملے گا جس سے اخراجات میں کمی اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وبا کی وجہ سے اس شعبے کو شدید دھچکا لگا ہے اور اس کے تباہ کن اثرات پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر پالیسی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ خرم خان نے کہا کہ اس شعبے کی بحالی کے لئے اس طرح کے اقدامات روزگار کے مواقعوں اور کاروبار میں اضافہ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔انہوں نے کہا، اس شعبے پر پابندیوں کے خاتمے سے ہوٹل مالکان کے لئے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے اور حکومت کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی سے ہی اس انڈسٹری کی مکمل بحالی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ماہر معاشیات بھی آئی آر اے کے رسٹورانٹس کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کے مطالبے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جس سے نہ صرف کاروبار میں ترقی ہو گی بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے