چوہدری یاسین، جاوید اقبال بڈھانوی کی جیت پرجیالوں کاجشن 

Jul 28, 2021

کوٹلی(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے نامز د امیدواربرائے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یاسین کے حلقہ ایل اے 10کوٹلی 3 اور حلقہ ایل اے 12کوٹلی5 سے الیکشن 2021میں واضح برتری حاصل کرنے جبکہ ایل اے 9کوٹلی 2سے امیدوار اسمبلی جاوید اقبال بڈھانوی کی شاندار فتح کی خوشی میں چغتائی برادران کا جشن ۔جیالوں نے ڈھولوں کی تھاپ پر بھنگڑا کیا اور مٹھائی تقسیم کی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ رہنما سابق چیئر مین بلدیہ سردار فیض احمد چغتائی ،سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ظہیر بابر چغتائی ایڈووکیٹ ،پی پی پی کے رہنما قذافی چغتائی ایڈووکیٹ نے چغتائی محلہ میں جشن فتح کا انعقاد کیا۔جہاں پر مسلم کانفرنسی کارکن قمر یوسف نے حلقہ کوٹلی شہر سے پیپلز پارٹی کی نشست جیتنے پر مبارکباد دی اس موقع پر کفیل ہمایوں چغتائی ایڈووکیٹ ،قمر یوسف ،چوہدری اسماعیل ،آصف مغل ،سحرش بشیر چغتائی سمیت مختلف مقررین نے خطاب کیا ۔سردار فیض احمد چغتائی نے اپنے خطاب میں کہا کہ چوہدری محمد یاسین سے میرے تعلقات چالیس سال پر محیط ہیں ۔ہم نے ان انتخابات میں چوہدری محمد یاسین کی حمایت کا اعلان اس لئے کیا کہ کوٹلی شہر گزشتہ پینتیس سالوں سے محروم چلا آ رہا تھا ۔میرا تعلق مسلم کانفرنس سے ہے لیکن ہم نے شہر کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی کی حمایت کی ۔سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سردار ظہیر بابر چغتائی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کرتی چلی آ رہی ہے ۔اہلیان حلقہ کوٹلی شہر کی خوش قسمتی ہے کہ چوہدری محمدیاسین نے اس حلقہ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ۔اور عوام کی تائید و حمایت سے رکن اسمبلی منتخب ہو گئے ۔سردار قذافی چغتائی ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم بھٹو ازم کے ماننے والے لوگ ہیں ہماری نظریاتی وابستگی ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ رہی ۔الحمداللہ آ ج مشکل ترین حالات میں بھی اولیاء کی دھرتی کوٹلی شہر سے شیر کوٹلی چوہدری محمد یاسین نے شاندار کامیابی حاصل کی اب انشاء اللہ عوام کی محرومیاں ختم ہوں گی اور کوٹلی تعمیر وترقی کے حوالے سے مثالی شہر بنے گا ۔ا س موقع پر فضا چوہدری یاسین زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی ۔ڈھول کی تھاپ پر نوجوانوں نے ڈانس کیا ۔جشن فتح میں شہدائے کشمیر ،شہدائے پیپلز پارٹی اور ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کرائی گئی ۔

مزیدخبریں