کراچی (کامرس رپورٹر) انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 3روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 229.88روپے سے بڑھ کر 236.02روپے اور قیمت فروخت235روپے سے بڑھ کر239روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 4روپے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 235روپے سے بڑھ کر 239روپے اور 4روپے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت فروخت237روپے سے بڑھ کر241روپے ہو گئی۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کا بھاؤ 2500 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 52 ہزار روپے ہو گیا ہے۔ 10 گرام سونے کا بھاؤ 2 ہزار 143 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 30 ہزار 315 روپے ہے۔ عالمی صرافہ میں سونے کا بھاؤ تین ڈالر اضافے سے ایک ہزار 721 ڈالر فی اونس ہے۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو معمولی تیزی کا رجحان رہا۔ ایک موقع پر انڈیکس 40ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس مثبت زون میں بند ہوا۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 8ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جبکہ 48فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 78.59پوائنٹس کا معمولی اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 39894.05پوائنٹس سے بڑھ کر 39972.64پوائنٹس پر بند ہوا۔ جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس 15131.03پوائنٹس سے بڑھ کر15158.09پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 27681.69پوائنٹس سے بڑھ کر 27712.97 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ کاروباری تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 8ارب 35کروڑ 27لاکھ 30ہزار 422روپے کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 67کھرب 43ارب 64کروڑ 38لاکھ 21ہزار 88روپے سے بڑھ کر 67کھرب 51ارب99 کروڑ 65لاکھ 51ہزار 509روپے ہوگیا۔
ڈالر 4 ، سونا اڑھائی ہزار روپے تولہ مہنگا ، سٹاک مارکیٹ میں بہتری
Jul 28, 2022