راولپنڈی؍ اسلام آباد (اے پی پی+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی)کیپٹن محمد سرور شہید (نشان حیدر) کا 74 واں یوم شہادت بدھ کو ان کے آبائی گاں سانگھوری تحصیل گوجر خان ضلع راولپنڈی میں منایا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل ممتاز حسین نے کیپٹن محمد سرور شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سول و عسکری حکام اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے بہادر سپوت کیپٹن محمد سرور شہید (نشان حیدر )کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے دشمن کا بہادری اور جوانمردی سے مقابلہ کیا، شہید نے اپنے لہو اور بہادری سے قوم کو نئی زندگی بخشی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم وفاعِ وطن کیلئے جان قربان کرنے والے شہدا کی احسان مند رہے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کیپٹن راجہ محمد سرور بھٹی شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ راجہ محمد سرور شہید نے بہادری کی بے مثال تاریخ رقم کی، کیپٹن سرور بھٹی شہید نے وطن عزیز کا دفاع کرتے جام شہادت نوش کیا۔ کیپٹن راجہ محمد سرور کی ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی لازوال قربانی پر قوم کو فخر ہے۔
کیپٹن سرور کا یوم شہادت منایا گیا، دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا، صدر، سپیکر کا خراج عقیدت
Jul 28, 2022