لاہور (نیوز رپورٹر) عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے ملاقات کی۔ عمران خان نے چودھری پرویزالٰہی کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ چودھری پرویزالٰہی نے عمران کے اعتماد کے اظہار کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر شہباز گل بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے راجن پور میں سیلاب کے باعث جانی ومالی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کمشنر ڈی جی خان کو امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ متاثرین کی ہرممکن امداد کی جائے۔ پرویز الٰہی نے پہلے نشان حیدر کا اعزاز پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے پاک وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان نچھاور کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں جوہڑ میں ڈوب کر 2 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور حکم دیا کہ افسوسناک واقعہ کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
عمران سے پرویزالٰہی ، مونس کی ملاقات ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
Jul 28, 2022